چنڈی گڑھ/متھورا 8/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) دیش بھر میں بدھ کے دن مختلف حصوں سے دُھند کی وجہ سے حادثات کی خبریں موصول ہوئیں ہیں، جس میں کم ازکم 11افراد ہلاک اور کئی لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔صبح کی دھند کی وجہ سے، پنجاب، اتر پردیش، مدھیہ پردیش سمیت شمالی بھارت میں غیر معمولی تاریکی چھا گئی جس سے الگ الگ سڑک حادثات میں گیارہ لوگوں کے مرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان صوبوں میں صبح کے وقت ایسی دھند چھائی ہوئی تھی کہ سامنے ٹہری ہوئی گاڑیاں بھی اوجھل ہوگئی تھیں، جس کے نتیجے میں گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں۔ ٹکر لگی گاڑیوں کو بھی تیزی کے ساتھ دوسری گاڑیوں نے ٹکر ماری، جس سے پورا ٹریفک نظام تتر بتر ہوگیا۔ ایسی ہی ایک وڈیو بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح حادثوں والی گاڑیوں کو پیچھے سے دوسری گاڑیاں ٹکر ماررہی ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پنجاب کے بٹیندہ ضلع میں بدھ کی صبح، گھنے کہرے کے درمیان ایک فلائی اوور پر ایک ٹرک نے 9 طالب علموں کو روند دیا۔ پولس نے بتایا کہ بٹینڈا ۔ برنالا ریاستی شاہراہ پر ہوئے اس حادثے میں. سات دیگر زخمی بھی ہو ئے۔. دُھند ایسی چھائی ہوئی تھی کہ لاری ڈرائیورکو سامنے کھڑے طلبا اور لوگ نظر ہی نہیں آئے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اسکولی طلبا پہلے بس پر سفر کر رہے تھے لیکن شاہراہ پر ایک منی بس کے ساتھ حادثہ پیش آنے کی وجہ سے سبھی طلبا بس سے نیچے اُترگئے، اس سے پہلے کہ نیچے اُتر کر سڑک کے کنارے پہنچنتے ، پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹرک نے ان کو روند دیا۔حادثے کی زد میں آئے ہوئے سبھی طلبا کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، مگر بتایا گیاہے کہ بچائو کے کاموں میں بھی دُھند کی وجہ سے کافی دشواریاں پیش آئی۔ اس حادثے میں نو لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔
اتر پردیش میں متھورا کے قریب یمونا ایکسپریس وے پر گھنے دُھند کی وجہ سے ایک کے بعد ایک تقریبا 20 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں.جس میں بہت سارے افراد زخمی ہوئے ہیں.البتہ اس حادثے میں کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔بتایا گیا ہے کہ نوئیڈا سے اگرہ کی طرف آرہے راستے میں صبح دُھند میں ایک گاڑی پہلے دوسری گاڑی سے ٹکرائی تھی، اُس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے کئی گاڑیاں ایک دوسرے پر گرتی چلی گئیں۔ عالم یہ ہوا کہ ایکسپریس ہائی وے پر 20 گاڑیاں آپس میں گتھم گتھا ہوگئیں۔
اُترپردیش کے علی گڑھ میں نیشنل ہائی وے 92 پر ہوئےتین الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے، بتایا جارہا ہے کہ بھاری دُھند کی وجہ سے یہ حادثات پیش آئے. دریں اثنا، مدھیہ پردیش سے بھی سڑک حادثے کی خبر موصول ہوئی ہے. ریاست کے مرینا ضلع میں ایک ٹرک پولس چیک پوسٹ سے ٹکرانے کی خبر بھی موصول ہوئی ہے، البتہ اس حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے.